کاروار 23/جولائی (ایس او نیوز) ساحلی علاقے میں پچھلے دو چار دن سے بہت ہی تیز برسات کے پیش نظر موسم بہت ہی خراب ہوگیا ہے اور عوامی زندگی بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ ایسے حالات میں پیشگی اجازت کے بغیر جو بلدیاتی افسران اپنے مقام سے غائب پائے گئے ان کو ڈپٹی کمشنر ہریش کمار نے ’وجہ بتاؤ‘نوٹس جاری کردیا ہے۔
ڈی سی کی جانب سے جن افسران کو شو کاز نوٹس دیا گیا ہے ان میں بھٹکل ٹاؤن میونسپالٹی کے چیف آفیسر ڈی دیو راجو، انکولہ ٹاؤن میونسپالٹی کے چیف آفیسر جی پرہلاد، کمٹہ ٹی ایم سی کے چیف آفیسر سریش ایم کے اور ہوناور پٹن پنچایت کے چیف آفیسر ایچ وائی مناوڈ شامل ہیں۔
بلدیاتی اداروں کے کمشنر یا چیف آفیسر انتظامی معاملات میں ڈی سی کے تابع ہوتے ہیں، اس لئے انہیں اپنا مقام چھوڑنے سے قبل ڈی سی سے پیشگی اجازت لینا ضروری ہوتا ہے۔ مگر ان چاروں نے بدلتے ہوئے موسم کے ہنگامی حالات کے دوران ڈی سی کو کوئی اطلاع دئے بغیر چھٹی پر چلے جانے کا اقدام کیا اور یہ بات جب ڈی سی کے علم میں لائی گئی تو پھر انہوں نے مذکورہ بالا افسران کو شو کاز نوٹس جاری کردیا۔
ڈی سی کا کہنا ہے کہ ساحلی علاقے میں تیز برسات کے بعد حالات کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ریڈالرٹ جاری کیاگیا ہے۔ صحت عامہ کو دھیان میں رکھتے ہوئے ماحول کی صفائی ستھرائی، پینے کے صاف پانی کے فوری انتظامات وغیرہ نہیں کیے گئے تو پھر شہروں میں وبائی امراض پھیلنے کا خدشہ پیداہوگیا ہے۔ایسی صورت میں افسران کو چاہیے کہ وہ اپنے اپنے مقام پر موجود رہیں اورضرورت پڑنے پر عوام کوفوری راحت پہنچانے کے اقدامات کریں۔
بلدیہ کے افسران کوجاری کیے گئے شوکاز نوٹس میں کہا گیا ہے کہ اگر انہوں نے 24گھنٹے کے اندر نوٹس کا تحریری جواب نہیں دیاتوپھر ان کے خلاف ضابطے کی کارروائی کی جائے گی۔